لاہور،قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی 31 برس کے ہوگئے ان کی سالگرہ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے انہیں مبار کباد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاونٹ پر فخر زمان کی تصویر شیئر کی گئی اور ساتھ میں لکھا گیا کہ فخر زمان کو سالگرہ مبارک جو کہ آج 31 سال کے ہو گئے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں یہ بھی لکھا گیا کہ گزشتہ ہفتے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار اننگز کے بعد یہ ایک اور موقع ہے کہ وہ خوشیاں منائیں۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فخر زمان کا تعلق خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ سے ہے وہ 5 بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔فخر زمان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف فائنل میچ میں سینچری اسکور کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔چند روز قبل جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میں اوپنر بلے باز نے 150 گیندوں پر 193 رنز کی یادگار اننگز کھیلی تھی جس میں 10 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔اس اننگز کے ساتھ ہی فخر زمان نے کئی اعزاز اپنے نام کر لیے تھے جن میں ون ڈے انٹرنیشنل میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے بلے باز کا اعزاز شامل ہے۔اس کے علاوہ فخر زمان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسری اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے تھے۔اس یادگار اننگز کے بعد فخر زمان پاکستان اور بھارت میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنے تھے۔
فخر زمان 31برس کے ہوگئے ،آئی سی سی کی سالگرہ پر مبارکباد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
