ہومپاکستانکبل دھماکے میں شہدا کی تعداد 16 ہوگئی، 40 زخمی

کبل دھماکے میں شہدا کی تعداد 16 ہوگئی، 40 زخمی

سوات (سب نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں دو دھماکوں میں 12 اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے،ڈی پی او سوات کا کہنا ہے کہ کبل دھماکے میں زخمی 40 سے زائد زیر علاج ہیں ۔دھماکے کے بعد علاقے میں سوگ کا سماں ہے جبکہ کبل بازار مکمل طور پربند ہے ۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 40 میں سے 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا،

ڈی پی او سوات شفیع اللہ کا کہنا ہے کہ تھانے میں بارود اور گولے پڑے تھے، دہشتگردی کا پہلو بھی دیکھا جارہا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس سٹیشن کے قریب دو دھماکے ہوئے۔دھماکوں کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی
دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بند ہو گئی ہے جبکہ ہسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے تھانے کی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
بم دھماکوں کے بعد ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور تازہ دم پولیس اہلکار اور سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئی ۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے درجات کی بلند کے لیے دعا کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔