ہومبریکنگ نیوزجاپانی وزیراعظم کی تقریر کے دوران دھماکہ ،بال بال بچ گئے

جاپانی وزیراعظم کی تقریر کے دوران دھماکہ ،بال بال بچ گئے

جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا کی ہفتے کو تقریر کے دوران ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جب ایک عجیب چیز ان کے قریب پھینکی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ واکایاما شہر میں پیش آیا جہاں ایک کھلے مقام پر ان کی تقریر کے دوران وزیراعظم کے قریب ایک پائپ نما چیز پھینکی گئی تھی۔
واقعے کے فوری بعد فومیو کیشیدا کو گھیرے میں لے لیا گیا اور انہیں بحفاظت وہاں سے نکال لیا گیا۔
جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر دھماکے جیسی آواز سنی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی نقصان کا کوئی نشان ملا۔عالمی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم پر سموک بم پھینکا گیا تھا۔
خبروں کی فوٹیج میں علاقے کو کلیئر کرنے کے دوران سکیورٹی افسران کو ایک شخص کو دبوچتے اور وہاں سے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا۔


مقامی خبروں میں دکھایا گیا ہے کہ کئی پولیس افسران اس شخص کے گرد جمع ہو رہے ہیں اور اسے زمین پر لٹا رہے ہیں۔
جاپان پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے بظاہر ایک دھماکہ خیز مواد اس بندرگاہ پر پھینکا تھا جہاں وزیر اعظم خطاب کرنے والے تھے۔
وزیر اعظم کیشیدا مغربی جاپان کے اس شہر میں ماہی گیری کے لیے بنائی گئی بندرگاہ کے دورے کے بعد تقریر شروع کر ہی رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر اعظم کیشیدا اگلے ماہ ہیروشیما میں گروپ آف سیون کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والے ہیں۔
یہ واقعہ گذشتہ سال جولائی میں کیشیدا کے پیشرو شینزو آبے کے قتل کے نو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
شینزو آبے کو ایک تنہا حملہ آور نے دیسی ساختہ گن سے اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا جب سابق وزیر اعظم ایک انتخابی تقریب میں تقریر کر رہے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔