ہومبریکنگ نیوزشیخ رشید پر فرد جرم عائد ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

شیخ رشید پر فرد جرم عائد ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد (سب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پر فرد جرم عائد ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

شیخ رشید کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے شیخ رشید کی عدالت پیشی تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری کہتے ہیں عمران خان مقبول لیڈر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے، عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے، عدلیہ نے دور اندیشی سے آئین کو بلند رکھا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیب کا قانون حکومت اراکین کے گلے میں لٹکا ہوا ہے، کیسوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ سیاستدان بند گلی میں جارہے ہیں، امید ہے عدلیہ جیتے گی، حکمران اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں لیکن ان کی جان نیب سے نہیں چھوٹے گی، یہ قوم سڑکوں پر فیصلے کرے گی، آپ ملک سے بھاگ نہیں سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چابی والے کھلونوں نے 24 کروڑ عوام کے ملک کو مذاق سمجھ رکھا ہے، قوم مہنگائی سے پریشان ہے، قوم اس مہنگائی میں مری جارہی ہے، یہ ایک سال سے خیرات مانگ رہے ہیں، یہ ایک سال سے کشکول لے کر پھر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔