Sunday, September 8, 2024
ہومپاکستانپاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے فورمز کو بھی مزید فعال بنائیں گے،وزیرخارجہ

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے فورمز کو بھی مزید فعال بنائیں گے،وزیرخارجہ

دوشنبے،پاکستان اور تاجکستان کے وزرا خارجہ کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے،دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجک ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تاجکستان کے ساتھ تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں،پاکستان اور تاجکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی،دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے فورمز کو بھی مزید فعال بنائیں گے۔قبل ازیںبدھ کو وزارت خارجہ آمد پر تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔وزارتِ خارجہ تاجکستان میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے،پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ تاجک وفد کی قیادت تاجک وزیر خارجہ مہرالدین سراج الدین نے کی۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات ،یکساں مذہبی، ثقافتی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بہت سے مواقع میسر ہیں جن سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔پاکستان،تاجکستان کو گوادر پورٹ کی صورت میں، جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطی، اور افریقہ تک رسائی کا مختصر راستہ فراہم کرتا ہے ،یہ بندرگاہیں پاکستان اور تاجکستان، کے مابین دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان، مشترکہ وزارتی کمیشن اور مشترکہ ورکنگ گروپس جیسے ادارہ جاتی میکانزم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین ہونیوالے پانچویں دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے انعقاد سے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔