Friday, May 29, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومکامرسپاکستان ایتھوپیا سمیت افریقہ کو اپنی متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ احسن بختاوری

پاکستان ایتھوپیا سمیت افریقہ کو اپنی متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد : پاکستان دنیا بھر میں اپنی بہت سی معیاری مصنوعات برآمد کر رہا ہے جن میں ٹیکسٹائلز، آلات جراحی، فارماسوٹیکلز، کٹلری کی اشیا، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، کیمیکل، ماربل و گرینائٹ، قالین، چاول، چینی، کپاس اور دیگر شامل ہیں لہذا پاکستان ان میں سے بہت سی مصنوعات ایتھوپیا اور دیگر افریقی ممالک کو برآمد کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایتھوپیا کے دوسرے بڑے شہر شگر کے میئر ڈاکٹر ٹیشوم اڈونگا کی جانب سے آئی سی سی آئی کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان سرجیکل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کے حوالے سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی ایک منفرد شہرت رکھتا ہے جبکہ ایتھوپیا اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ان میں سے زیادہ تر مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کو چاہیے کہ وہ اپنی مارکیٹ میں رجسٹریشن کے لیے پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سہولت فراہم کرے اور رجسٹریشن لاگت کو کم کرے جس سے ایتھوپیا پاکستان سے معیاری سرجیکل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات درآمد کرنے کے قابل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستانی سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں صنعتی یونٹس لگانے میں تعاون کرے تا کہ وہ ایتھوپیا میں مصنوعات تیار کر کے دیگر افریقی ممالک کو برآمد کر سکیں۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کرنے پر شگر کے میئر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کے وفد کے دورے سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دینے کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبد اللہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کار ایتھوپیا میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں کیونکہ ایتھوپیا افریقہ کیلئے ایک گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ایتھوپیا کی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کر رہی ہے۔

لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایتھوپیا کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں۔ایتھوپیا کے شہر شگر کے میئر ڈاکٹر ٹیشوم اڈونگا نے اس موقع پر آئی سی سی آئی کے وفد کو اپنے شہر میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار ایتھوپیا میں سرمایہ کاری پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، سابق صدر ظفر بختاوری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر وفد کیلئے ایتھوپیا کا ایک ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا جس کو وفد نے بہت سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔