اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے موجودہ سنگین معاشی صورت حال کے تناظر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کو پوائنٹ آف سیل فیس سے حاصل ہونیوالے ریونیو سے اپنے افسران کو بھاری الاونسز و مراعات دینے کے لیے آئی آر ایس کامن پول فنڈ رولز پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے پیش نظر فوری نوٹس لیتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے آئی آر ایس کامن پول فنڈ رولز2023 پر عملدرآمد روکنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹیکس دہندگان کے پیسے سے غیرقانونی طور پر اپنے افسران کو الاونس دینے سے تو روک دیا لیکن اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے والے لوگ معطلی کے خطرے سے بچ نکلے۔
تازہ تفصیلات سے انکشاف ہوا ہے کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے ڈائریکٹر جنرل نے پوائنٹ آف سیل سسٹم کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے مختص فنڈز کو دوسری مد میں استعمال کرنے کی مخالفت کی تھی لیکن دوسرے افسران نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔ابتدائی طور پر ایف بی آر 100 فیصد پی او ایس فنڈز کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا لیکن ڈی جی انوائسنگ کے اصرار پر تکنیکی اپ گریڈیشن کے استعمال کے لیے 10 فیصد فنڈز بچا لیے گئے۔وفاقی وزیرخزانہ نے طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی پر ایف بی آر حکام کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
