پرسٹینا،کوسووہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں باضابطہ طور پر اپنا سفارتخانہ کھول لیا۔عرب میڈیا کے مطابق کوسووہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے والا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے۔کوسووہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولے جانے کا اقدام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔کوسووہ نے یکم فروری کو وائٹ ہاوس میں ایک سمٹ کے دوران اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔کوسووہ کی وزارت خارجہ کا کہناہے ہے کہ اس نے اپنا سفارتخانہ اسرائیل میں کھولا ہے اور اس کا ہیڈ کوارٹر باضابطہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس میں قائم کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کوسووہ نے امریکا اور گوئٹے مالا کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ قائم کیا ہے۔کوسووہ کی وزارت خارجہ کی ایک خاتون عہدیدار کی جانب سے سفارتخانے کی تصاویر بھی ٹوئٹر اکانٹ پر شیئر کی گئی ہیں جس میں خاتون کو اسرائیل اور کوسووہ کے جھنڈوں کے ساتھ سفارتخانے کے باہر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔خاتون عہدیدار نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں اسرائیل کے ساتھ تاریخی تعلقات پر فخر ہے اور کوسووہ نے باضابطہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھول لیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب ممالک بھی اسرائیل سے اپنے تعلقات قائم کرچکے ہیں۔
کوسووہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھول لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔