ہومپاکستانڈالر کی قدر میں اتار چڑھا ئو سے بینکوں کو غیر معمولی منافع

ڈالر کی قدر میں اتار چڑھا ئو سے بینکوں کو غیر معمولی منافع

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ بینک اٹھارہے ہیں۔

بینکوں کے پاس موجود ڈالر کی مالیت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے یہاں تک کہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ڈالر اسٹیٹ بینک سے بھی زیادہ ہوگئے ہیں۔

ڈالر کی قدر میں اضافے سے بینکوں کے فارن ایکس چینج منافع میں بھی اس تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کی ریسرچ رپورٹ کے مطابق سال2022 کے پہلے9ماہ کے دوران بینکوں کی فارن ایکس چینج آمدن 89ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے جو اس سے پچھلے سال اس عرصے میں 32ارب روپے تھی۔

رپورٹ کے مطابق اگر اس کے ساتھ سال2020کے 28.1ارب روپے کی آمدن بھی شامل کیا جائے تو پھر بھی سال2022کی آمدن دونوں سال کے مجموعی آمدن سے زیادہ ہے۔89ارب روپے کی غیر معمولی آمدن کی وجہ اس عرصے میں ڈالر کی قدر میں 23فیصد کا اضافہ ہے۔

واضح رہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیوکو چند ماہ قبل بتایا تھا کہ ڈالر کی قدر میں مصنوعی اتار چڑھاؤ میں ملوث بینکوں کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہے تاہم اب تک ڈالر کی مصنوعی اتار چڑھاؤ میں ملوث بینکوں کے خلاف کوئی کارروائی تو نہیں کی گئی تاہم اب حکومت بینکوں کے فارن ایکس چینج آمدن پر ٹیکس لگانے کا جائزہ لے رہی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے حالیہ پریس کانفرنس میں بھی کہا ہے کہ ٹیکس آمدن بڑھانے کے لئے حکومت بینکوں کے فارن ایکس چینج آمدن پر ٹیکس لگانے کا ارادہ رکھتی ہے یہ ٹیکس کتنا ہوگا؟ اس بارے میں ابھی صورتحال واضح نہیں لیکن خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ٹیکس 10سے 30فیصد تک ہوسکتی ہے۔

حکومت کا بینکوں کے فارن کرنسی آمدن پر ٹیکس لگانے کا مقصد آئی ایم ایف کے شرط پر ٹیکس ریونیو بڑھانا ہے جس میں دسمبر کے دوران حکومت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور ہدف کے965ارب روپے کے مقابلے میں 740ارب کی ٹیکس وصولی ہوسکی۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق بینکوں کے فارن کرنسی آمدن پر ٹیکس لگانے سے حکومت کو12سے36ارب روپے کی اضافی آمدن ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اگر ڈالر کی قدر بڑھانے میں ملوث بینکوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ٹیکس وصولی کا فیصلہ کرتی ہے تو اس سے ان کے حوصلے بلند ہوجائیں گے اور وہ اسی انداز میں ڈالر کی قدر میں سٹہ بازی کو فروغ دینگے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔