اسلام آباد،تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے خالی کی گئی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق کراچی سے خالی قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ضمنی الیکشن 29 اپریل کو ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول بھی جاری کر دیا ۔اعلامیے کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 13 سے 17 مارچ تک جمع کروا سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی 25 مارچ تک کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق آر او کے فیصلوں کے خلاف 29 مارچ تک ایپلٹ ٹریبونل میں اپیلیں دائرکی جا سکیں گی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 6 اپریل کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخاب سے دستبردارہونے والے امیدوار 7 اپریل تک کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ امیدواروں کو 8 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور الیکشن 29 اپریل کو ہو گا۔ یاد رہے کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں این اے 249 کراچی سے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو شکست دے کر سیٹ حاصل کی تھی تاہم 3 مارچ کو ہونے والے سینٹ الیکشن میں کامیابی کے بعد فیصل واوڈا نے اس نشست سے استعفی دے دیا تھا۔
فیصل واوڈا کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن 29 اپریل کو ہوگا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔