Wednesday, July 3, 2024
ہومپاکستانفواد چوہدری نے شاہد آفریدی کو ڈفر کہہ دیا، اصل معاملہ کیا ہے؟

فواد چوہدری نے شاہد آفریدی کو ڈفر کہہ دیا، اصل معاملہ کیا ہے؟

اسلام آباد: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کبھی اپنے کھیل کو لے کر تو کبھی متنازع بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سے ہی خبروں کی زینت رہے ہیں، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے، جہاں خاص طور پر تحریک انصاف کے حامی صارفین اور سیاستدان انہیں آڑے ہاتھوں لینے سے باز نہیں آتے۔

چند دن قبل سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے کہا تھا کہ شاہد آفریدی مر کر دوبارہ بھی پیدا ہو جائیں تو عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور اب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے شاہد آفریدی کو ڈفر قرار دیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران صحافی اجمل جامی نے فواد چوہدری کے سامنے چند شخصیات کے نام رکھتے ہوئے ان کے بارے میں فواد چوہدری سے رائے مانگی، ان افراد میں شیر افضل مروت، شہریار آفریدی، شبلی فراز، بابر اعظم اور شاہد آفریدی شامل تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شیر افضل مروت ایک بلبلہ تھا جو بلبلے کی طرح بیٹھ گیا اور ختم ہو گیا، شہریار آفریدی ایک عزت دار آدمی ہیں، شبلی فرازکے بارے میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کبھی بھی آدمی کو اپنی صلاحیت سے زیادہ ٹاسک نہیں لینے چاہییں۔

بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو ہی رہنا چاہیے کیونکہ ان کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے، شاہین شاہ آفریدی کی پی ایس ایل میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، جب ان سے شاہد آفریدی کے بارے میں پوچھا گیا تو فواد چوہدری نے کہا کہ وہ ڈفر آدمی ہیں، انہیں پتا ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا باتیں کررہےہیں۔
فواد چوہدری کے بیان کے بعد پی ٹی آئی اور شاہد آفریدی کے حامی سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے، کسی نے فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کوئی ان کے بیان کا حامی نظر آیا۔ ایک صارف نے فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو ڈفر بولنے سے پہلے اپنے آپ کو دیکھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔