Monday, May 13, 2024
ہومپاکستانپاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ماورائے عدالت قتل مہم کی مذمت

پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ماورائے عدالت قتل مہم کی مذمت

پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ماورائے عدالت قتل مہم کی مذمت
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ماورائے عدالت قتل مہم میں مزید سات بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے،پاکستان بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مقبوضہ جموں و کشمیر میںماورائے عدالت قتل مہم کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی قابض فورسز نے روزانہ کی بنیاد پر بلاامتیاز ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے،جو انتہائی تشویشناک ہے،25 ستمبر کو کپواڑہ کے قریب ایک واقعے میں دو بے گناہ کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے بے رحمی سے شہید کیا ،26 ستمبر کو ضلع کولگام میں ایک اور نام نہاد ‘کورڈن اینڈ سرچ’ آپریشن میں ایک بے گناہ کشمیری کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 27 ستمبر کو ضلع کولگام میں دو بے گناہ کشمیریوں کو پولیس مقابلے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا،30ستمبر کوضلع بارہمولہ میں دو بے گناہ کشمیریوں کو ایک تصادم میں نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا،نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ان کاونٹر کے نام پر ماورائے عدالت قتل کے واقعات قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلم کھلا بے حرمتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں معصوم کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کو پامال کیا جا رہا ہے،5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد سے بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ جموں کشمیر میں 678 سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا ہے،مقبوضہ جموں کشمیرمیں بھارتی قابض افواج نے رواں سال کے دوران کم از کم 158 افراد کا ماورائے عدالت قتل کیا ،پاکستان ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے سفارش کردہ کمیشن آف انکوائری کے ذریعے کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے،پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھہرائے ،عالمی برادری اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔