ہومپاکستانپاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی، پُروقار تقریب میں کب کیا ہوتا ہے؟

پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی، پُروقار تقریب میں کب کیا ہوتا ہے؟

پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کل جی ایچ کیو میں ہوگی۔

سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ 6 برس بعد پاک فوج کی کمان نامزد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کریں گے۔ جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17ویں چیف آف آرمی اسٹاف ہیں۔

آرمی چیف چینج آف کمانڈ تقریب کے پنڈال میں سب سے پہلے ملٹری بینڈ داخل ہوتا ہے اور اس کے بعد نعرہ تکبیر کی گونج میں مختلف رجمنٹس پر مشتمل اعزازی گارڈز کے دستے کی آمد ہوتی ہے۔ علمبرداردستے کے سلامی کے چبوترے کے سامنے پوزیشن سنبھالنے پر قومی ترانہ گونجتا ہے۔

روایت کے مطابق پنڈال میں پہلے نامزد آرمی چیف اور سبکدوش ہونے والے سپہ سالار بعد میں داخل ہوتے ہیں۔ دونوں عسکری قائدین سلامی کے چبوترے پر اکٹھے پہنچتے ہیں۔ ٹرپل ون بریگیڈ کی گارڈ بٹالین جنرل سلامی دیتی ہے۔

سبکدوش سپہ سالار یادگار شہداء پر آخری سلامی دے کر پھول چڑھاتے ہیں۔ تلاوت کلام پاک کے بعد سبکدوش سپہ سالار گارڈ آف آنر کا معائنہ اور مختصر خطاب کرتے ہیں۔

آخری مرحلے میں جانے والے سپہ سالار، کمانڈ کی چھڑی ملاکہ کین باضابطہ طور پر نئے آرمی چیف کے سپرد کرتے ہیں۔ دونوں سپہ سالار، اعزازی گارڈ کے ساتھ مل کرفلک شگاف نعرۂ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرتے ہیں اور منتقلی کمان کی تقریب باوقار انداز میں اختتام پذیر ہوتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔