ہومپاکستانپشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں دڑاریں، کئی سینئر رہنما پارٹی سے برطرف

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں دڑاریں، کئی سینئر رہنما پارٹی سے برطرف

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس میں شرکت کرنے والے سی ای سی کے تمام اراکین اور پارٹی رہنماؤں کو پارٹی سے برطرف کردیا۔

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس برطرف سیکرٹری جنرل مختار خان یوسفزئی کی طرف سے بلایا گیا تھا۔گزشتہ روز (26 نومبر کو) کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال اور دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزائی نے اعلان کیا کہ پارٹی کے آئین کی خلاف سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے خیبر پختونخوا ایگزیکٹو کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خیبرپختونخوا کے معاملات جاری رکھنے کے لیے آرگنائزنگ کمیٹی کو نامزد کیا گیا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے بتایا کہ انہوں نے سندھ اور جنوبی خیبرپختونخوا میں پارٹی کے صوبائی صدور اور ان کی کمیٹی اور نئی تشکیل شدہ آرگنائزنگ کمیٹی سے کہا ہے کہ کچلاک میں غیر آئینی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کو برطرف کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر صدر عیسیٰ روشن، نائب صدر یوسف خان کاکڑ، صوبائی سیکریٹری اوررکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، صوبائی سیکریٹری لیبر عبدالقادر آغا، آفس سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی اور سندھ سے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین افضل خان، وطن یار، سراج افغان اور شفیق ترین کی رکنیت معطل کردی گئی ہے اور ان کا 26 نومبر سے پارٹی سے کوئی تعلق نہیں رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے رکن نصراللہ زیرے کے خلاف پارٹی آئین کے مطابق کارروائی کرے گی۔

خیال رہے کہ کچلاک میں پارٹی کے مرکزی اجلاس کے بعد رواں ہفتے کے اوائل میں مختار خان یوسف زئی نے کہا تھا کہ ادارے سے سینئر رہنماؤں کی بے دخلی غیر آئینی اور پارٹی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ مختار خان یوسف زئی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اجلاس بلایا تھا جس میں زیادہ تر اراکین نے شرکت کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔