Sunday, December 22, 2024
ہومپاکستانضمنی انتخابات، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی 4 خالی نشستوں پر پولنگ جاری

ضمنی انتخابات، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی 4 خالی نشستوں پر پولنگ جاری

لاہور،پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی 4 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ این اے 75 ڈسکہ، پی پی 51 گوجرانوالہ، این اے 45 کرم اور پی کے 63 نوشہرہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے امیدواروں میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع ہے۔ این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ یہاں 360 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 3 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 6 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 997 ہے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ن لیگ نے ان کی اہلیہ بیگم طلعت محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے چوہدری محمد یوسف کو میدان میں اتارا ہے۔ یہ حلقہ وزیرآباد شہر، سوہدرہ اور دیگر دیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے۔ یہاں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 8 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہاں مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کے فخر زمان بنگش، جے یو آئی کے جمیل خان میں سخت مقابلہ ہوسکتا ہے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931 ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 485 ہے۔ حلقے میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم ہیں۔پی کے 63 نوشہرہ میں 102 پولنگ سٹیشن قائم ہیں جن میں 52 مرد اور 39 خواتین اور 3 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ 1 لاکھ 41 ہزار 934 رجسٹرڈ ووٹرز میں 79 ہزار 63 مرد جبکہ 62 ہزار 871 خواتین ووٹرز ہیں۔ یہ نشست سابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہاں ن لیگ کے میاں اختیارولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمرکاکاخیل میدان میں ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔