ہومپاکستانپنجاب میں پہلی مرتبہ بلوچستان کی خاتون پولیس افسر ڈی پی او تعینات

پنجاب میں پہلی مرتبہ بلوچستان کی خاتون پولیس افسر ڈی پی او تعینات

پنجاب میں پہلی مرتبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون پولیس افسر کو ڈسٹرکٹ پولیس افسر(ڈی پی او) کے طور پر تعینات کردیا گیا جہاں پولیس میں خواتین کا مجموعی حصہ صرف 2.25 فیصد ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پنجاب پولیس نے بتایا کہ ‘نئی تعینات ہونے والی ڈسٹرکٹ پولیس افسر لیہ شازیہ سرور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، شازیہ سرور کا تعلق بلوچستان کے ضلع بولان سے ہے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں پنجاب میں ڈی پی او تعینات کیا گیا ہے’۔

حکومت پنجاب نے پسماندہ صوبے سے وفاقی سطح پر سول سروس میں شمولیت کرنے والوں کے لیے مثبت پیغام دیتے ہوئے ایس پی شازیہ سرور کو خالی اسامی پر لیہ کی ڈی پی او کے طور پر تعینات کردیا ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ایس پی شازیہ سرور پنجاب میں ڈی پی او کے طور پر خدمات انجام دینے والی پانچویں خاتون پولیس افسر ہیں جبکہ بلوچستان کا ڈومیسائل رکھنے والی پہلی خاتون افسر ہیں۔

عہدیدارکا کہنا تھا کہ اس سے قبل پچھلے 4 برسوں میں ایس پی شائستہ رحمٰن ڈی پی او بھکر، ایس پی عمارہ اطہر ڈی پی او بہاولنگر اور ڈی پی او سرگودھا، ایس پی ماریہ محمود ڈی پی ڈی پی او پاکپتن اور ایس پی ندا عمر ڈی پی او لیہ کے طور فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔

اسی طرح فیصل آباد سٹی پولیس افسر (سی پی او) عمر سعید ملک نے فرح بتول کو اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کے طور پر تعینات کیا تھا، فرح بتول ضلع کی تاریخ میں ایس ایچ او کے طورپر خدمات انجام دینے والی پہلی خاتون پولیس افسر ہیں۔عمرسعید ملک نے ڈان کو بتایا کہ گنجان آباد شہروں میں ایک میں تھانوں میں شکایات لے کر آنے والی خواتین کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے جہاں خواتین کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔