گلگت(آئی پی ایس)اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خاندانی منصوبہ بندی( UNFPA)پاکستان کی مالی معاونت سے (AKHSP) آغا خان ہیلتھ سروسز گلگت بلتستان کے پروجیکٹ صحتمند خاندان (SMK) فیملی پلاننگ سروسسز کو بہتر بنانے کیلئے فیملی پلاننگ سپلائز ( FPS) کی ایک بڑی مقدار صوبائی وزیر صحت حاجی گلبر خان کے دفتر میں محکمہ صحت کے زمہ داروں کو حوالے کر دی گئی۔
اس موقع پر وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبرخان، سیکریٹری صحت ثناءاللہ، ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹر سلیم الدین،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز گلگت ریجن ڈاکٹراقبال،ڈائریکٹر ہیلتھ پلاننگ ڈاکٹر شکیل احمد و دیگر زمہ داران محکمہ صحت، UNFPA کے نمائندہ ڈاکٹر توصیف ،AKHSP جی بی کے جنرل منیجر ڈاکٹر صفت بھی موجود تھے۔
وزیر صحت حاجی گلبرخان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات مہیا کرنے پرUNFPA اور AKHSP کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ماضی میں فیملی پلاننگ سپلائز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے خاندانی منصوبہ بندی کیلئے دستیاب وسائل کا فقدان تھا اور اب UNFPA اور آغا خان ہیلتھ سروسز پاکستان کے تعاون سے اس شعبے میں بہتر سہولیات مہیا ہونے سے گلگت بلتستان کے دوردراز علاقوں میں صحت عامہ اور فیملی پلاننگ کیلئے محکمہ صحت کو مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
