ہومپاکستانچئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعلی گلگت بلتستان کی ملاقات

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعلی گلگت بلتستان کی ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس)چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان ووزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے بنی گالہ اسلام آباد میں اہم ملاقات کی.
وفاقی امپورٹڈ حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر ججز کی تقرری کے ذریعے عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارنے اور گلگت بلتستان کی منتخب اسمبلی اور حکومت کے اختیارات میں مداخلت کے ذریعے صوبائی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں سے آگاہ کیا اور حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے باوجود وفاق کی جانب سے بحالی اور آبادکاری کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ عدم تعاون اور فنڈز کی فراہمی کیلئے لیت و لعل کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس موقع پر وفاقی امپورٹڈ حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی عدلیہ میں ججز کی تقرری کے مروجہ ضابطہ کار کے برعکس تقرریوں کو صوبائی کابینہ کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلینج کرنے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان کو ہدایت جاری کر دی کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر صوبائی حکومت کو عملا مفلوج کرنے، آزاد عدلیہ پر اثر انداز ہونے کی کوششوں اور منتخب اسمبلی و حکومت کے اختیارات سلب کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام سیاسی ،آئینی اور قانونی آپشنز بروئےکار لائے جائیں۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے گلگت بلتستان جیسے حساس خطے کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پرعدم استحکام کا شکار بنانے کی سازشوں کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ برسر اقتدار آکر گلگت بلتستان کو معاشی، آئینی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانے کا عمل جو وفاق میں تحریک انصاف حکومت کے خاتمے کے بعد امپورٹڈ حکومت نے سبوتاژ کیا ہے، وہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا اور گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرکے اور معاشی پیکیج پر مکمل عمل در آمد یقینی بنا کر برسوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائیگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔