ہومپاکستانلوگ سڑکوں پر آ کر پرامن احتجاج کریں گے اور زبردستی الیکشن کروائیں گے: عمران خان

لوگ سڑکوں پر آ کر پرامن احتجاج کریں گے اور زبردستی الیکشن کروائیں گے: عمران خان

گوجرانوالہ -پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں پارٹی کی اپنی ساری ضلعی تنظیموں کو خط لکھا ہے کہ تیار ہو جاؤ اپنی ضلعی سطح پر پارٹی کو تیار کرو، جب میں کال دوں گا تو سب نے تیار ہونا ہے۔ میں تیاری کر رہا ہوں، کسی بھی وقت کال (مارچ) کا اعلان کر سکتا ہوں۔ لوگ سڑکوں پر آ کر پر امن احتجاج کریں گے اور زبردستی الیکشن کروائیں گے۔

گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے آخری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں سب کا خاص شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے قوم کے نوجوانوں کی حقیقی آزادی کے لیے ضرورت پڑے گی، جلسے میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں،جلسے میں خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد ہے،اللہ تیرا شکرہے تونے قوم کو جگا دیا، جوقوم جاگ جائے وہ اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے، کبھی غلام قوم کی پرواز اوپر نہیں جا سکتی،قوم کوآزاد کرانا چاہتا ہوں،چارچیزیں ہمیں غلام رکھتی ہیں، ہمارا کلمہ انسان کوآزاد کرتا ہے، کلمے کا مطلب اللہ تیرے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا، ہمارے نبی ﷺ مدینہ کی ریاست میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب لیکر آئے۔

انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہے نبی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں، میری والدہ کہتی تھی تمہیں انگریز کی غلامی کا اندازہ نہیں،انگریز سے آزاد ہو گئے، دوسری غلامی کسی کے حکم کی غلامی ہے،مجھے ہٹایا گیا کہ آپ روس سے سستا تیل نہیں خرید سکتے،بھارت روس سے 40 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے،روس سے سستا تیل لینے کے لیے میں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات بھی کی تھی،پاکستان کوسستا تیل اورگندم چاہیے۔روس سے واپس آیا تو بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی، چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا، چوروں نے اقتدارمیں آکر ڈر کی وجہ سے روس سے سستا تیل، گندم نہیں لی، وزیراعظم کرائم منسٹرچیری بلاسم دنیا میں پیسے مانگنے چلا گیا، شہبازشریف بیرون ملک جا کر کہتا ہے بڑا مجبور ہوں پیسے واپس کر دونگا، نوازشریف، شہباز شریف، زرداری کے اربوں ڈالر بیرون ملک باہر پڑے ہیں، جب یہ بیرون ملک جاکرپیسے مانگتے ہیں انہیں ان کے بارے سب کچھ پتا ہے، دنیا میں مانگنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے ہیں، شہباز شریف سیکرٹری جنرل کو کہہ رہا ہے جو پیسے دیں گے ایمانداری سے خرچ کریں گے، شہبازشریف سیکرٹری جنرل کو پتا ہے آپ کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، حکمران اپنا پیسہ ملک سے باہر رکھتے ہیں اور دوسروں سے بھیک مانگتے ہیں۔ پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑ کر 80 ہزار پاکستانیوں کی قربانی دی، اس طرح کے حکمران بیرون ممالک کے آگے لیٹ جاتے ہیں، ایسے لوگوں کو مسلط کیا گیا ان کو جو حکم باہر سے ملے گا وہی کریں گے، یہی وجہ ہے پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکا، باہر سے بھیک مانگتے ہیں اوراپنے ملک کو لوٹتے ہیں۔ دوسری غلامی،غربت کی غلامی ہے، ہمارے دور میں پہلی دفعہ یکساں نصاب لانے کی کوشش ہوئی، ہماری حکومت احساس پروگرام، ہیلتھ کارڈ لیکر آئی، ہماری حکومت نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے علاج کی سہولت دی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست نے سب سے پہلے کمزورطبقے کی ذمہ داری لی، تیسری غلامی ذہنی اندرونی آزادی ہے، علامہ اقبالؒ نے کہا تھا غلامی کی زنجیریں توڑنے والے اونچی پروازکرتے ہیں، خوف کا بت بڑے انسان کو چھوٹا انسان بنا دیتا ہے، طاقتور چوری کرے تو این آراو، چھوٹے چور کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، جب ملک کا وزیراعظم، وزیر پیسہ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ جاتا ہے، پاکستانیوں اصل میں یہ انصاف کی جنگ ہے، امپورٹڈ حکومت کی پہلے دن سے کوشش ہے تحریک انصاف کوختم کر دیں، انہوں نے ہمیں بھیڑ، بکریاں سمجھا ہوا ہے ایک جائے گا تو دوسرا آجائے گا، ان کے بچے بھی چوری کے پیسوں سے موٹے ہوئے ہیں، انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا مجھے نکالنے کے بعد عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25مئی کوڈرایا، دھمکایا گیا، پنجاب ضمنی الیکشن، بدیانت دار الیکشن کمیشن نے ان کو جتانے کی پوری کوشش کی، مسٹرایکس نے بھی پوری مدد کی پھر بھی یہ الیکشن ہار گئے، اب ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران کو نا اہل کیا جائے، انہوں نے میرے خلاف توہین، مذہب دہشت گردی کا کیس بنادیا، ہم پاکستان میں شب دعا کر رہے تھے مدینہ میں ان کے خلاف چور،چورکے نعرے لگے، اب تک مجھ پر 20 مقدمات درج ہو چکے ہیں، یہ مجھے پکڑنے آرہے تھے میں نے بھی بیگ تیار کر کے جیل کی تیاری کر لی تھی، جیل تو چھوٹی چیز ملک کو حقیقی آزادی دلانے کے لیے جان بھی قربان کرنے کو تیار ہوں، میرے چیف آف سٹاف شہبازگل کو انہوں نے اغوا کیا اورتشدد کیا، شہبازگل نے مجھے وکلا کے ذریعے پیغام پہنچایا عمران خان کے خلاف بیان دو، شہبازگل نے کہا انہوں نے مجھے برہنہ کر کے تشدد کیا، شہبازگل نے کہا اب برداشت نہیں کرسکتا، ان کے بیان کے بعد میں نے کہا تھا قانونی کارروائی کروں گا اورمجھ پردہشت گردی کا مقدمہ درج کردیا، شہباز گل کا حال دیکھنے کے بعد کہا تھا قانونی کارروائی کریں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز گل کوئی دہشت گرد، قاتل نہیں تھا اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا اس لیے ری ایکٹ کیا تھا، شہباز گل پر جنسی تشدد ہوا کیا میرا ری ایکٹ کرتا یہ نا کرتا؟ چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہرمن اللہ کی عدالت نے بڑے اچھے فیصلے کیے، عدالت جوبھی فیصلہ کرے گی قبول کروں گا، عدالت میں اب میرا کیس چلے گا، توہین عدالت کیس زیرسماعت بات نہیں کرونگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔