Wednesday, March 25, 2026
ہومپاکستانپاکستان اب کسی اورکی جنگ کا ایندھن نہیں بنے گا، مراد سعید

پاکستان اب کسی اورکی جنگ کا ایندھن نہیں بنے گا، مراد سعید

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اب کسی کی جنگ کا ایندھن نہیں بنے گی، کئی دنوں سے آگاہ کر رہے تھے کہ ملک میں ایک بار پھر بدامنی کی فضا قائم ہو رہی ہے، پاکستانی خدانخواستہ ایک مرتبہ پھر کسی کی جنگ کا ایندھن نہ بن جائیں، تازہ بدامنی کی لہر پر اب تک امپورٹڈ حکومت کا کوئی موقف سامنے نہ آ سکا، امپورٹڈ حکومت کی ترجیحات میں امریکہ کی غلامی کرنا اور بھکاری بن کر رہنا ہے۔
ملک میں حالیہ بدامنی کی لہر،آپریشن رجیم چینج کے آلہ کاروں کی مجرمانہ غفلت و خاموشی پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دیر سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت علی پر قاتلانہ حملہ ہوا، اللہ پاک ملک لیاقت علی کی عمر دراز کرے اور صحت عطا فرمائے، لیاقت علی کا بھتیجا،بھائی اور انکی سیکیورٹی پر تعینات لیویز کے اہلکار حملے میں شہید ہوئے،تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت علی حملے میں شدید زخمی ہوئے، اس قاتلانہ حملے کی کڑیاں ملک میں رونما ہونے والی حالیہ بدامنی کی لہر سے جڑتی ہیں، امپورٹڈ حکومت کا صرف مقصد اپنی چوری بچانا اور امریکہ کے مفادات کو تحفظ دینا ہے، عوام اس تازہ بدامنی کی لہر سے متعلق ہر فورم پر سوالات اٹھائیں، ہم نے مل کر ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ چند اہم سوالات اٹھانا چاہتا ہوں انکے جوابات فراہم کئے جائیں، افغانستان میں آپ کے مذاکرات کس نوعیت کے اور کن نکات پر ہوئے؟قوم کو آگاہ کیا جائے،کیا افغانستان میں موجود لوگ جو آپریشن کے وقت پاکستان سے چلے گئے تھے،انکی واپسی کا وعدہ کیا گیا؟ اگر کسی کی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے تو کس راستے سے واپسی ہوئی؟ کیا ملک کے لئے قربانی دینے والے 80 ہزار افراد کے لواحقین کو مذکراتی عمل میں اعتماد میں لیا گیا؟ کیا ملک میں بدامنی کے حالات کو قابو کرنے کے لئے کوئی لائحہ عمل طے کیا گیا ہے؟ کون مطالبہ کر رہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کو ختم کر دیا جائے اور وہاں دوبارہ بدامنی پھیل جائے؟ ریاست کے خلاف بیان بازیاں کرنے والے،بھارت کے گریٹر گیم کا حصہ بننے والے تمام افراد آج حکومت کا حصہ ہیں، بتایا جائے کہ فاٹا انضمام کو واپس لینے کے لئے کوئی معاہدہ تو طے نہیں ہوا؟ کیا رجیم چینج آپریشن کے اغراض ومقاصد پورے ہونے کا آغاز ہو چکا ہے؟قوم ان تمام اہم سوالات کے جوابات جاننا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوات سمیت خیبرپختونخواہ کے دیگر اضلاع ترقی کے سفر میں بہت آگے نکل چکے ہیں، ہم اب پاکستان کو کسی اور کی جنگ کا ایندھن نہیں بنا سکتے، عمران خان سے خوف کی وجہ یہ تھی کہ انھوں نے پاکستان کو نئی شناخت دی، عمران خان نے اسلام کے ساتھ دہشتگردی جوڑنے کے بیانیے کو تہس نہس کر دیا، امریکہ نے جب اڈے مانگے تو عمران خان نے ملکی مفاد میں انکو ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ دیا،عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا امن کا ساتھی ہے ناکہ بدامنی کا ، امپورٹڈ حکمران رجیم چینج آپریشن کے آلہ کار ہیں،یہ اپنے آقاوں کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں، دہشتگردی سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی المناک کہانیاں ہیں،
پاکستان نے بھاری قیمت چکائی، عمران خان نے آ کر دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کا رخ بدامنی سے ہٹا کر سیاحت کی جانب موڑ دیا، آج ہمارے علاقوں میں دوبارہ بدامنی کی آگ پھیلائی جارہی ہے،اور حکمت عملی کا فقدان نظر آ رہا ہے،وزیر خارجہ فرزندِ زرداری صرف ملکوں کے چکر کاٹ کر سیر و تفریح سے خوش ہوتا رہتا ہے، لندن میں ایک مفرور شخص ملکی مفاد کے خلاف ملاقاتیں کر رہا ہے، قوم آنکھیں کھولے اور متعلقہ افراد سے ان تمام امور پر جواب طلب کرے، جتنی جلدی ان معاملات پر جواب آئے گا،پاکستان کے مفاد میں بہتر ہو گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔