ملک میں سیاسی پارہ ہائی ہوتے ہی حکومتی اراکین کی زبانیں بھی بے قابو ہونے لگیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ سندھ ہاوس میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی کے معاملے پر سیاستدانوں پر برس پڑیں اور لائیو پروگرام میں طوائف کو سیاستدانوں سے بہتر کہہ ڈالا۔نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج یہ سیاست دان بے نقاب ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب دیکھ کر کہنا چاہوں گی کہ اچھی ہے ان سے طوائف۔اس دوران انہوں نے سندھ ہاس اسلام آباد اور وہاں موجود لوگوں کیلئے بھی غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ آج ہم اس سیاست میں گندگی اور غلاظت لے آئے ہیں اور معذرت کے ساتھ انہیں یہ الفاظ استعمال کرنے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آج سیاست کو واپس 90 کی دہائی میں لے گئی ہے۔ قبل ازیں شہباز گل نے بھی ٹاک شو میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دے دی تھی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر اپنی جماعت کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دے دی۔ٹاک شو میں شہباز گل اور ان ہی کی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ جاری تھا۔اس دوران شہباز گل کا کہنا تھا کہ رمیش کمار مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف میں آئے تھے، اب یہ عمران خان خان سے استعفی مانگ رہے ہیں، ان میں شرم و حیا ہوتی تو یہ پہلے خود ہی استعفی دے دیتے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کرپٹ آدمی ہیں کینسر کی جعلی دوا بیچنے پنجاب آئے تھے۔شہباز گِل نے جب یہ بات کی تو رمیش کمار بیچ میں بات کرنے لگے اور اسی دوران مشتعل ہوکر شہباز گل نے رمیش کمار کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے اور کئی مرتبہ گالی بھی دی۔
