لاہور،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے زندہ دلان لاہور کے لئے بڑا تحفہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کی باضابطہ منظوری دی دے گئی ہے۔کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں منصوبے کے لئے 60 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ مین بلیو وارڈ گلبرگ سے موٹر وے ایم 2 تک بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے اس میگا پراجیکٹ کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان لاہور کے میگا پراجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے عوام کو موٹروے تک آسان رسائی ممکن ہوگی اور اس پراجیکٹ کے بننے سے کینال اور ملتان روڈ پر ٹریفک کا دبا کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت میسر آئے گی جبکہ لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے جیسے پراجیکٹس ضروری ہیں۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے لاہور کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کے دبا میں 65فیصد تک کمی ہوگی، لاہور کے شہریوں کی سہولت کے لیے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ گیم چینجر ثابت ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں نے ذاتی پسند و ناپسند پر منصوبے شروع کیے، ماضی کی حکومت نے لاہور کے شہریوں کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا۔