Wednesday, April 29, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، افغان صورتحال پر اظہار تشویش

وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، افغان صورتحال پر اظہار تشویش

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران ایپکس کمیٹی کے شرکا نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزرا، انٹیلی جنس حکام اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاک افغان بارڈر کی تازہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان آئے افغان شہریوں کو مفت کورونا ویکسین کی سہولت جاری رہے گی، افغان شہریوں کیلئے ویزے کا حصول بھی آسان کر دیا گیا ہے۔اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شرکا نے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔شرکا کی جانب سے کہا گیا افغانستان سے لاتعلقی دنیا کے لئے تباہ کن ہو سکتی ہے۔ پاکستان افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لئے ہر قسم کی مددکرے گا۔اجلاس کے دوران جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اتوار کو او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، اجلاس میں افغان عوام کی مشکلات کو اجاگر کیا جائے گا اور مدد پر گفتگو ہو گی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے دنیا افغانستان سے علیحدگی جیسی غلطی نہیں دہرائے گی، عالمی برادری افغانستان کے کمزور لوگوں کی مدد کرے، پاکستان انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کریگا۔ پاکستان نے پہلے ہی مالی طور پر افغانستان کی مدد کا عہد کر رکھا ہے، غذائی اجناس، ہنگامی طبی سامان اور مالی مدد کی فراہمی جاری رہے گی، افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان نے افغان عوام کے لیے 5 ارب روپے کی امداد مختص کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔