سینیٹ آف پاکستان کی چیئرمین کی مشیر کی پارلیمانی سفارت کاری، امن کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خدمات کا اعتراف
اسلام آباد (سب نیوز): سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کی مشیر مس مصباح کھر کو پارلیمانی سفارت کاری، امن کے فروغ، جامع ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں آٹھویں گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا۔
یہ اعزاز انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور مختلف ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد مس مصباح کھر نے گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈز، دی ڈپلومیٹک انسائٹ اور سفارتی برادری کے معزز ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت، حوصلہ افزائی اور رہنمائی ان کے لیے باعث تقویت ہے۔
مس مصباح کھر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کو مزید وسعت مل رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی برادری کے ساتھ روابط، باہمی احترام اور تعمیری روابط کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے یہ اعزاز پاکستان، سینیٹ آف پاکستان اور ملک کی ان خواتین کے نام کیا جن کی آواز اور حقوق کی نمائندگی کے لیے وہ قومی اور بین الاقوامی فورمز پر اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
تقریب میں سینئر پارلیمنٹیرینز، سفارت کاروں، سرکاری حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے مس مصباح کھر کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری اور عوامی سطح پر بین الاقوامی روابط کے فروغ میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
