اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے برازیل کے نائب سیکرٹری برائے تجارت و بین الاقوامی تعلقات، سفیر رافیل گیمارائس ریکیو کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ زرعی تجارت کے فروغ، لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تحقیقی تعاون بڑھانے اور ماہی پروری و آبی زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برازیلی وفد میں غیر محصولاتی مذاکرات کے شعبے کے ڈائریکٹر اور نجی شعبے کی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ وزارت کے اعلی حکام، چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پارک)و اینیمل ہسبنڈری کمشنر ڈاکٹر سید مرتضی حسن اندرابی نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان اور برازیل کے درمیان ایک ارب ڈالر سے زائد کی دوطرفہ تجارت کا حوالہ دیتے ہوئے تجارتی تنوع، باہمی بنیادوں پر منڈیوں تک رسائی اور مضبوط تجارتی و ادارہ جاتی شراکت داری کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے لائیو اسٹاک کو دوطرفہ تعاون کا اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے مویشیوں کی افزائش نسل، انتظام و نگہداشت اور حلال گوشت کی برآمدات میں برازیل کی مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لائیو اسٹاک کے شعبے میں ترقی اور برآمدات کے بے پناہ امکانات موجود ہیں، تاہم یہ شعبہ بڑی حد تک غیر منظم ہے۔ برازیل کی جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری ماڈلز سے استفادہ کرکے اسے مسابقتی اور برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔پاکستانی جانب سے برازیلی تجربات کی روشنی میں منہ کھر کی بیماری (ایف ایم ڈی) پر قابو پانے کے لیے چار خصوصی زونز اور ان کے اندر مزید محفوظ پیداواری یونٹس کے قیام کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان برازیل مشترکہ ورکنگ گروپ برائے لائیو اسٹاک و ڈیری کو جلد فعال کرنے، برآمدی معیار کے جدید مذبح خانے، مویشیوں کی فربہ کاری کے مربوط نظام اور جدید ڈیری کلسٹر کے قیام پر زور دیا۔ملاقات میں جنوب جنوب تعاون کے فریم ورک کے تحت مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور منہ کھر کی بیماری سے پاک زونز اور پیداواری یونٹس کے قیام سے متعلق دو زیر التوا منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے ادارہ جاتی اور تکنیکی تعاون کو تیز کرنے کے لیے ان منصوبوں کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔برازیلی جانب سے پولٹری اور انڈوں سے بچے نکالنے کے لیے استعمال ہونے والے انڈوں کے ویٹرنری ہیلتھ سرٹیفکیٹس میں بیماریوں سے پاک علاقوں اور پیداواری یونٹس سے متعلق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصول شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی، تاکہ کسی مخصوص علاقے میں بیماری پھیلنے سے دیگر بیماری سے پاک علاقوں کی تجارت متاثر نہ ہو۔ جانوروں سے حاصل ہونے والی ضمنی مصنوعات، خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزا اور دیگر لائیو اسٹاک مصنوعات کی تجارت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فصلوں کے شعبے میں رانا تنویر حسین نے پاکستان کی حال ہی میں اعلان کردہ جی ایم او پالیسی اور بالخصوص کپاس میں بائیو ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کپاس کی ملکی پیداوار تقریبا 56 لاکھ گانٹھوں تک محدود ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے معیاری بیجوں، جدید افزائش نسل کی ٹیکنالوجی اور زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے برازیل سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سویابین کی درآمد کے لیے ضابطہ جاتی مراحل کی تکمیل کا خیرمقدم کیا اور کپاس کے بیج کی درآمد سے متعلق زیر التوا تکنیکی معلومات جلد فراہم کرنے پر زور دیا۔
مکئی، سویابین اور گنے کے جینیاتی مواد کے تبادلے اور بہتر اقسام کی تیاری میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔پاکستان نے برازیل کو باسمتی چاول، آم، کھجور، ترش پھلوں، آلو، امرود، گلابی نمک اور ادویاتی پودوں کی برآمدات بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ برازیلی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ چاول کی تجارت کے لیے ضروری ضابطہ جاتی تقاضے پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں اور مزید ضابطہ جاتی مذاکرات کے بغیر تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔دونوں ممالک نے نباتاتی صحت سے متعلق زیر التوا معاملات کے حل اور منڈیوں تک رسائی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنے متعلقہ محکمہ جات برائے تحفظ نباتات کے درمیان براہِ راست رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ برازیلی دالوں کی تجارتی مسابقت، سویابین کی پروسیسنگ اور پولٹری و لائیو اسٹاک کی خوراک کی تیاری کے ذریعے قدر افزائی کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ماہی پروری کے شعبے میں وفاقی وزیر نے برازیلی سرمایہ کاروں کو بالخصوص پنجاب اور سندھ میں تجارتی بنیادوں پر جھینگا فارمنگ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے ہیچریز، خوراک کی تیاری، فارمنگ، پروسیسنگ اور کولڈ چین انفراسٹرکچر پر مشتمل مربوط پیداواری نظام کے قیام کی تجویز پیش کی۔ مشترکہ سرمایہ کاری اور سمندری غذائی مصنوعات کی منڈیوں تک رسائی کے لیے پاکستان برازیل پبلک پرائیویٹ ورکنگ گروپ برائے ماہی پروری و آبی زراعت کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔برازیلی وفد کے دورے کے پروگرام میں قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (این اے آر سی)، اسلام آباد کی منتخب تحقیقی تنصیبات کا دورہ اور تکنیکی اجلاس بھی شامل تھے، جن میں زرعی تحقیق، بیجوں کی تیاری، نباتاتی صحت سے متعلق تجارتی تقاضوں، لائیو اسٹاک میں تعاون اور آبی زراعت میں سرمایہ کاری کے امور کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ملاقات میں کراچی میں منعقدہ خوراک اور زراعت کی بین الاقوامی نمائش کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہا گیا، جس میں تقریبا 70 ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کی بھی تعریف کی گئی۔ملاقات کے اختتام پر باہمی بنیادوں پر منڈیوں تک رسائی، ضابطہ جاتی سہولتوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیقی شراکت داری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید، زیادہ پیداواری اور برآمدی بنیادوں پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی غذائی تحفظ، معاشی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی یقینی بنانے میں بین الاقوامی تعاون کلیدی کردار ادا کریگا۔
