اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہان مملکت کونسل کی 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کی تیاریوں کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایس سی او فالو اپ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 27-2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی پاکستان کی سربراہی اور 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کی تیاریوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور سونپے گئے کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے سربراہی کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور جامع انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، قانون و انصاف اور اقتصادی امور، وزیر مملکت برائے داخلہ، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
ایس سی او سربراہی کانفرنس 2027، اسحاق ڈار کی انتظامات تیز کرنے کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
