اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کو ریاست کی مقرر کردہ ریڈ لائنز عبور کرنے والوں کے لیے ڈھال نہیں بننے دیا جا سکتا، سوشل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا۔
اسلام آباد میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی)کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست کے لیے 4 ریڈ لائنز ہیں، جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 4 معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت اپنے شہریوں کے خون سے ادا کی ہے۔ وزیر داخلہ کی حیثیت سے انہوں نے شہدا کے جنازوں میں شرکت کی ہے اور اکثر اوقات ان کی جان لینے والی نفرت کا آغاز موبائل فون سے ہوتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی جانب سے کی گئی شکایات میں سے صرف 47 فیصد پر کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ٹیکنالوجی کا نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کا ہے۔ حکومت آزادی اظہار رائے محدود کرنے کی بات نہیں کر رہی، صحافیوں کو رپورٹنگ، شہریوں کو سوال اٹھانے اور اختلاف رائے رکھنے والوں کو اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے، جس میں حکومت پر تنقید بھی شامل ہے، تاہم آزادی اظہار رائے کو ریڈ لائنز عبور کرنے والوں کے لیے ڈھال نہیں بنایا جا سکتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس افرادی قوت، وسائل اور ٹیکنالوجی محدود ہیں۔ پنجاب کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی آبادی 140 ملین ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)میں صرف 61 اہلکار تعینات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان 61 افراد میں ڈرائیور، کلرک اور افسران بھی شامل ہیں، اس لیے یہ کام اکیلے انجام نہیں دیا جا سکتا۔ اسی ضرورت کے پیش نظر سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اب پالیسی سازی سے آگے بڑھ کر اس پر عمل درآمد کی طرف جانا ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، او ٹی ٹی سروسز اور بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کو اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کسی کو خاموش کرانے کا لائسنس نہیں بلکہ اس کا مقصد یہ طے کرنا ہے کہ کسی خلاف ورزی کی صورت میں جواب دہ کون ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو پاکستان کے لیے ایک بااختیار نمائندہ نامزد کرنا ہوگا جو حقیقی معنوں میں فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے لیے شکایات درج کرانے کا ایسا واحد نظام بھی ہونا چاہیے جس کے ذریعے وہ اپنی شکایت پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں۔ حکومت این سی سی آئی اے کی تمام شکایات پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کر رہی ہے، جبکہ اتھارٹی ایک ایسا مرکزی نظام تیار کر رہی ہے جس میں شکایات کی مکمل نگرانی ممکن ہوگی۔
محسن نقوی نے ایک حالیہ ٹاون ہال اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں ان کی ملاقات 5 لڑکیوں سے ہوئی جو اس خدشے کے باعث خودکشی کرنے کے قریب تھیں کہ کوئی شخص سوشل میڈیا پر ان کا حساس مواد جاری کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کرنے کا کوئی موثر طریقہ موجود نہیں۔ ان پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان معصوم جانوں کو بچانے کے لیے فوری ردعمل دیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی اس بات کی تصدیق کرے گی کہ متعلقہ پلیٹ فارم نے شکایت پر کارروائی کی ہے یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون پر عمل درآمد مرحلہ وار ہوگا، پہلے متعلقہ پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جائے گا، پھر نوٹس جاری ہوگا اور اس کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ کسی پورے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا آخری آپشن ہوگا، جبکہ حکومت کی جانب سے ہر درخواست واضح، قانونی اور نظرثانی کے قابل ہوگی۔
سوشل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا، آزادی اظہار کا مطلب ریڈ لائنز عبور کرنا نہیں، محسن نقوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
