راولپنڈی:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے وزارت اعلیٰ کے منصب سنبھالنے سے قبل صوبے کو جادو ٹونے اور مؤکلوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔
راولپنڈی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ”جو پنجاب مجھے ملا وہ پنجاب جادو ٹونے اور جھاڑ پونچھ سے چلتا تھا، مؤکل پنجاب چلا رہے تھے لیکن آج پنجاب کے طول و عرض پر موجود ہر سڑک، گلی اور محلے کو پنجاب ستھرا پروگرام کے 2 لاکھ افراد چمکا رہے ہیں۔“
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن جیتا تو وہاں بننے والی حکومت نے بھی پنجاب کی طرز پر ’ستھرا آزاد کشمیر‘ پروگرام کا آغاز کیا، اسی طرح خیبرپختونخوا میں جب حکومت ’بدلی‘ تو وہاں بھی صوبہ بھر میں ’صاف ستھرا خیبرپختونخوا‘ پروگرام شروع کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں وزارت اعلیٰ سنبھالے ہوئے ایک ہزار دن ہو چکے ہیں اور آج جب کہ وہ راولپنڈی میں موجود ہیں تو انہوں نے شہر میں ایک بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی 3 سال میں بہت تبدیل ہو چکا ہے، اب شہر میں جگہ جگہ سڑکیں اور پارک بن رہے ہیں، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہر کی بہتری کے لیے جگہ جگہ کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کا کردار ایک رہنما کی طرح ہے جس کی باقی صوبے اب پیروی کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب اب اس بات پر غور کر رہی ہے کہ جو صوبے میں روزانہ ہزاروں ٹن کوڑا اٹھایا جاتا ہے، اسے توانائی اور وسائل میں کیسے بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کوڑے سے بائیو گیس بنانے، اس کی ویسٹ مینجمنٹ کرنے اور مغربی ممالک کی طرح کوڑے کو وسائل میں بدلنے کے بارے میں سوچ بچار کر رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک ہزار دن میں گرین بسز بھی شروع کی گئیں اور آج پورے صوبے کی سڑکوں پر 11 سو گرین بسز دوڑ رہی ہیں، اگر ایک ہزار دنوں پر تقسیم کیا جائے تو روزانہ ایک بس پنجاب میں شامل ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ آئندہ چند ماہ میں پنجاب میں نئی 3 ہزار بسسز آئیں گی جو صوبے کے ہر شہر اور تحصیل میں چلیں گی اور اگلے 2 سال میں پنجاب میں کم از کم 5 ہزار بسیں موجود ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ انہی ایک ہزار دنوں میں پنجاب میں ’اپنا گھر اپنی چھت‘ اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے گئے اور یہ ان خاندانوں کو دیے گئے جن کے اپنے گھر نہیں تھا، یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے، ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔
وزیراعلی نے بتایا کہ ایک ہزار دنوں میں صوبے کے اضلاع میں اور ان کے مابین 50 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز کا بھی جال بچھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے 18 ماہ کے اندر راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کینسر اسپتال تعمیر مکمل ہونے کے بعد فعال ہو چکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزار دنوں میں ایک ہزار ’ویلز آن کلینکس‘ عوام کی دہلیز پر جا کر انہیں معیاری علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے سے قبل صرف لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ تھا اور اب پنجاب کے تمام 41 شہروں میں یہ سیف سٹی سہولت موجود ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں خواتین اور طالبات کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ خواتین کو شکایات درج کرانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی کو بھی خواتین پر تشدد یا ان کے ساتھ بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس معاملے میں رکاوٹ بننے والوں کا راستہ روکے گی اور ان کا ہاتھ بھی روکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب ’جس کی لاٹھی اس کی بھینس‘ کا اصول نہیں چلتا اور نہ ہی بدمعاشی اور ڈالہ کلچر کی کوئی گنجائش ہے۔ اب کسی کو امیر کو تھپڑ مارنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی قانون سے بالاتر ہوکر کسی کو من مانی کرنے دی جائے گی۔ پہلے صوبے میں مافیا سرگرم تھے لیکن اب کسی کی موٹر سائیکل چوری ہونا بھی بڑا جرم تصور کیا جاتا ہے۔ کسی بچے یا خاتون کو ہراساں یا زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف چند منٹوں میں کارروائی شروع ہوجاتی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب ڈرگ لارڈز، بھتہ خور اور قبضہ گروپ موجود نہیں، جبکہ ماضی میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کو چن چن کر ختم کیا جا رہا ہے، سی سی ڈی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اوقات ختم ہونے کے بعد بھی طلبہ کے بیگز چیک کر رہی ہے تاکہ منشیات کی روک تھام کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سفارش اور پرچی کا نظام نہیں، یہاں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبے میں صرف میرٹ اور محنت کی بنیاد پر کام ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریبوں کو امیروں سے قرض لے کر دیے گئے ہیں۔
طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ انہیں بھی وہی پیغام دیتی ہیں جو جنید کو دیتی ہیں کہ منشیات سے انکار کریں۔
’ہونہار اسکالر شپ پروگرام ہر مستحق طالب علم کے لیے ہے‘
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا، ہونہار اسکالر شپ کی فراہمی خالصتاً میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جو صرف طلبہ کی محنت کو سراہتا ہے، اسکالر شپ کی فراہمی بچوں پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر پنجاب کا کوئی بچہ صرف اس بنیاد پر تعلیم ادھوری چھوڑتا ہے کہ اس کے خاندان والے اس کی پڑھائی کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تو یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جن طلبہ کو لیپ ٹاپ ملا ہے یہ ان کی محنت کا انعام ہے اور اس پر انہیں شکریہ کہنے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے، لیپ ٹاپس سے طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیق کے حصول میں بھرپور مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل وسائل سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد پنجاب کے ہونہار طلبہ کو عالمی معیار کے ہم پلہ لانا ہے۔
