اسلام آباد: بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔ وہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیشی ہم منصب اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک۔بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان دونوں برادر ممالک کے پارلیمانی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ بنگلہ دیش کے کسی اسپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسپیکر اور اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی پاکستان آمد باعثِ مسرت ہے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کی دوستی مزید مستحکم ہوگی اور باہمی تعاون کے نئے باب کھلیں گے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گے۔
اس موقع پر بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے، جبکہ پاکستان آمد پر ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔
حافظ الدین احمد بیر بکرم نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
