اسلام آباد : پاکستان میں سویڈن کی سفیر محترمہ الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے نے وزیرِ مملکت / معاونِ خصوصی برائے وزیراعظم برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سویڈن کے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور درپیش چیلنجز، بالخصوص غلط اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام، آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بچوں کے تحفظ اور ایک محفوظ و ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول کے فروغ سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر ذمہ دارانہ ڈیجیٹل گورننس کی اہمیت اور ایسے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، جو اب قومی سرحدوں سے ماورا ہو چکے ہیں۔
ملاقات میں دونوں جانب سے خیالات کے تبادلے کو سراہا گیا اور پاکستان اور سویڈن کے درمیان مسلسل روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
