ہومپاکستانایک ہی دل ہے کتنی بار جیتیں گے؟، بھارت میں مصدق ملک کی سفارتی گفتگو کے چرچے

ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتیں گے؟، بھارت میں مصدق ملک کی سفارتی گفتگو کے چرچے

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت آمد اور بھارتی میڈیا کے ساتھ ان کی مدلل، پراعتماد اور موثر گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین ڈاکٹر مصدق ملک کی گفتگو کے انداز، حاضر جوابی اور سفارتی مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بہترین انتخاب قرار دے رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ سوالات کے بھرپور اور مدلل جوابات دے کر انہوں نے بھارتی میڈیا کے سامنے پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا۔صارفین کا کہنا ہے کہ گفتگو کا فن اسے کہتے ہیں، سوال کرنے والے خاموش ہوگئے اور جواب دینے والے کی آواز گونجتی رہی۔
چوہدری شاہد محمود نے ڈاکٹر مصدق ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دل ہے ملک صاحب، اسے کتنی بار جیتیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ شاید ہی پاکستان کا کوئی دوسرا سیاست دان بھارتی میڈیا کو اس مہارت اور اعتماد کے ساتھ جواب دے پاتا جس انداز میں ڈاکٹر مصدق ملک نے دیا۔ندیم رضا لکھتے ہیں کہ مصدق ملک نے نئی دہلی میں ایس سی او کانفرنس کے موقع پر ایسے مدلل جواب دیے کہ سوال کرنے والے صحافیوں کے پاس مزید کہنے کو کچھ نہ رہا۔بھارتی صحافی نے کہا کہ یہ کہنا پڑے گا کہ پاکستان نے اپنا نمائندہ اچھا چنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر مصدق ملک کو مرزا غالب کی قبر پر جانے دیجیے۔ انھیں حضرت نظام الدین درگاہ جانے دیجیے۔ انھیں یہ دیکھنے دیجیے کہ دہلی صرف غالب ہی کا نہیں، بلکہ امیر خسرو کا بھی شہر ہے۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی مصدق ملک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ مصدق ملک نے تو محفل لوٹ لی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔