ہومپاکستانکوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہے، سیاستدان اور حکمران نفرتیں ختم کرکے عوام کا سوچیں، بلاول بھٹو

کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہے، سیاستدان اور حکمران نفرتیں ختم کرکے عوام کا سوچیں، بلاول بھٹو

کراچی (سب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاستدانوں اور حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نفرتیں ختم کرنے اور عوام کو معاشی بحران سے بچانے کے لیے سوچیں، ملک میں کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے۔
سندھ یوتھ کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، معاشی بحران میں ایسا لگ رہا ہے کہ مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، ہمیں عوام کو معاشی بحران اور آفت سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں مایوس ہوں تو پاکستان کے نوجوانوں کا کیا عالم ہوگا، اختلاف رائے کو ایک طرف رکھ کر عوام کے بارے میں سوچنا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، جمہوری ری سیٹ کے ذریعے ہمیں پارلیمان کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بلا تصدیق اور انتقامی کارروائیوں کے بجائے ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ہم سب مل کر ملک کی بہتری کے لیے جدوجہد اور محنت کریں گے۔ حکومت، اپوزیشن اور عوام کا موجودہ نظام پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، پاکستان میں پہلی بار قومی اتحاد اور اتفاق رائے کا ماحول قائم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام مسائل اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ قومی محاذ قائم کرنا ہوگا، معاشی بحران کا سامنا ہو یا جنگ کے حالات، متحد پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے باعث کوئی نیا بحران پیدا ہو، متحد قوم ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ پاکستان کو ایسا متحد ملک بنانا ہوگا جو ہر بحران اور آفت کا مل کر مقابلہ کر سکے۔ پاکستان ہر قسم کے بحران اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے اور تقسیم ہوتے رہے تو ملک مزید کمزور ہوگا، معاشرے میں امید کے بجائے نفرت پھیلائیں گے تو کسی بھی بحران کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں ہم سے سوال کریں گی کہ انہیں مشکلات سے بچانے کے لیے ہم نے کیا اقدامات کیے۔ ہماری کامیابی پاکستان کے عوام کی کامیابی ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ تھا اور ہاسنگ اسکیم کے ذریعے 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ 10 لاکھ گھر تعمیر کرا کر ریکارڈ قائم کیا، گھروں کے ملنے سے رہائشیوں کو معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے سندھ حکومت چھوٹے کسانوں کو مالی مدد فراہم کرتی ہے، یوتھ کارڈ کے حصول کے بعد سندھ کے نوجوانوں کو کئی سہولیات میسر آسکیں گی۔ سندھ حکومت ایک بار پھر وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں انقلابی اقدام کرنے جا رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔