ہومتازہ ترینایران نے ایک ہفتے میں سب سے زیادہ ڈرون اور میزائل داغے: ٹرمپ

ایران نے ایک ہفتے میں سب سے زیادہ ڈرون اور میزائل داغے: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے صرف ایک ہفتے کے دوران پچھلے ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔
امریکی صدر نے اس دعوے کے لیے کسی رپورٹ یا اعداد و شمار کے ماخذ کا ذکر نہیں کیا، تاہم انھوں نے اسے امریکی شیئر بازاروں میں آنے والی گراوٹ کی طرح کانگریس کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کا نتیجہ قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ سب کو یاد ہے کہ میں نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بارے میں دو پیش گوئیاں کی تھیں، پہلی یہ کہ اگر ڈیموکریٹس جیت گئے تو شیئر بازار شدید گر جائیں گے، اور یہی ہوا، دوسری یہ کہ ایران، جس نے آج تک 81 ہزار مظاہرین کو ہلاک کیا ہے، اپنے حملے زیادہ جارحانہ کر دے گا، اور یہ بھی ہوا ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران نے گزشتہ ہفتے ایک سال سے زیادہ عرصے میں کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے ہیں، فکر نہ کریں، ان سب کو روک لیا گیا اور مار گرایا گیا، اور ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ان دونوں واقعات کی وجہ یہ ہے کہ ایران کے رہنما ڈیموکریٹس کو کمزور، نااہل اور ملک کو تباہ کرنے والا سمجھتے ہیں، لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گا!

انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ایران دونوں نے بھرپور کوشش کی کہ تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ بلند رہے، لیکن انتخابات کے بعد سے تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی آئی ہے، افسوس کہ ووٹرز نے ووٹ ڈالنے سے پہلے اس بات کو نہیں سمجھا، لیکن پورا انتخاب بہت عجیب تھا، آخرکار امریکا جیت جائے گا۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب شمالی کیرولائنا میں کانگریس کے انتخابات میں ایک اور ڈیموکریٹ کی کامیابی کے بعد اس جماعت کی کانگریس میں نشستوں کی تعداد 258 تک پہنچ گئی، جو 1992 کے بعد ایوان نمائندگان میں سب سے بڑی اکثریت ہے۔

اس سے ڈیموکریٹس کو یہ موقع ملے گا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے باقی دو سالوں میں کانگریس کے قانونی اختیارات کو وائٹ ہاؤس کے مقابل استعمال کر سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔