ہومتازہ تریناسلام آباد میں اکزنٹ کے کنسرٹ میں 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت، رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو مہمان خصوصی تھے

اسلام آباد میں اکزنٹ کے کنسرٹ میں 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت، رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو مہمان خصوصی تھے

اسلام آباد (سب نیوز) – رومانیہ کے معروف میوزک بینڈ اکزنٹ (Akcent) کے کنسرٹ میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جسے رومانیہ اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ کا ایک یادگار موقع قرار دیا گیا۔

رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے سول فیسٹ ریوائنڈ (Soulfest Rewind) کے تحت منعقدہ کنسرٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور رومانیہ کی میوزیکل ٹیم کے ہمراہ پاکستانی شائقین سے ملاقات کی۔

رومانیہ کے سفیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں اکزنٹ کے کنسرٹ میں 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت پاکستانی عوام کی رومانیہ کی موسیقی سے محبت کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک رومانیہ کے شہری کی حیثیت سے یہ دیکھنا ان کے لیے انتہائی خوشی کا باعث تھا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں لوگ رومانیہ کی موسیقی کو پسند کرتے ہیں اور اسے اپنی زندگیوں کا حصہ بنا چکے ہیں۔

ڈاکٹر ڈین اسٹونیسکو نے اکزنٹ کے پاکستان واپسی پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رومانیہ اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں موسیقی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور بطور سفیر انہیں موسیقی کے حوالے سے کئی یادگار تجربات حاصل ہوئے ہیں۔

انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں رومانیہ کی اوپیرا کلاسز، جارجیانا کوسٹا گلوگا کی ثقافتی سرگرمیوں اور رومانیہ کے معروف میڈرِیگل کوئر کی جانب سے پاکستان کے قومی ترانے کی خصوصی ترتیب کو بھی اپنے سفارتی دور کی خوبصورت یادوں میں شامل قرار دیا۔

رومانیہ کے سفیر نے اکزنٹ کے گلوکار ایڈریان سینا اور اسلام آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے رومانیہ کے فنکار کو اپنے ملک میں بے حد محبت اور اپنائیت کا احساس دلایا۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر پاکستان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’شکریہ پاکستان‘‘، اور اس شاندار استقبال کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کنسرٹ میں ہزاروں افراد کی شرکت نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان عوامی سطح پر ثقافتی روابط اور موسیقی کے ذریعے دوستی کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔