ہومپاکستاندسمبر اہم ہے، کراچی وفاق کو دینے کی تجویز آئی تو بھرپور حمایت کرینگے، مصطفی کمال

دسمبر اہم ہے، کراچی وفاق کو دینے کی تجویز آئی تو بھرپور حمایت کرینگے، مصطفی کمال

کراچی(سب نیوز)وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام پاکستان کی ترقی، سلامتی اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ وہ کسی بھی سیاسی دبا یا دھمکی سے مرعوب ہوکر نئے صوبوں کے قیام کی تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، جبکہ کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز سامنے آئی تو وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے۔

یوتھ کنونشن، پشتون قبائل موومنٹ کے اجتماعات اور کراچی کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی انتظامی اور معاشی مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، جس سے ملک کی ترقی متاثر ہورہی ہے۔نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور بہتر بنانے کے ساتھ علاقائی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 16 برس سے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کے حقوق متاثر کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی ایک جماعت یا گروہ کا ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بقا اور مستقبل کا معاملہ ہے، اسی لیے اس جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔مصطفی کمال نے دسمبر کو اہم مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر جو بھی پیش رفت ہونی ہے، وہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش ہونے سے پہلے ہونی چاہیے۔

ان کے بقول مزید تاخیر کی گنجائش نہیں، کیونکہ نئے صوبے ان کے لیے محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ عوام کے مستقبل اور ان کی بنیادی ضروریات سے جڑا معاملہ ہیں۔کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اگر ایسی کوئی تجویز سامنے آتی ہے تو وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت اگر سرکاری سطح پر نہ ہورہی ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی قوت اسے رکوا چکی ہوتی۔موجودہ حالات میں کسی ایک سیاسی جماعت کے بجائے ریاست کو بچانے اور مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ کسی پیشگی شرط کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے۔ ان کے مطابق یہ پی ٹی آئی کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا ایک موقع ہوسکتا ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی منظوری حاصل کرسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔