اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح کے سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے اور سفارتی روابط کا تسلسل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان گفتگو میں مختلف کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے تعاون کے امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے معاملات پر مشاورت جاری رکھنے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر مشاورت کے لیے آر فور وزرائے خارجہ کا اجلاس جلد بلانے کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ اس حوالے سے علاقائی امور پر مشترکہ مشاورت اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی روابط کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے میں رہا جائے گا۔
