ہومبریکنگ نیوزپرتگال کے وزیر خارجہ 22 نومبر سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

پرتگال کے وزیر خارجہ 22 نومبر سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد(آئی پی ایس ) پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پالو رانجل 22 سے 23 نومبر 2026 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور پرتگال اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 77ویں سالگرہ منا رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 7 نومبر 1949 کو قائم ہوئے تھے۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پرتگالی ہم منصب کے ساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ میڈیا گفتگو بھی کریں گے۔ملاقاتوں میں پاکستان اور پرتگال کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں رہنما زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی، بحری رابطوں، ہجرت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ کثیرالجہتی تعاون کے مشترکہ عزم کے تحت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر تعاون، امن کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات چیت ہوگی۔پرتگالی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان-پرتگال بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کی کاروباری کمپنیوں کے درمیان کاروبار سے کاروبار (B2B) ملاقاتیں ہوں گی۔ ان ملاقاتوں میں زرعی و غذائی مصنوعات، قابل تجدید توانائی، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق پالو رانجل کا دورہ پاکستان اور پرتگال کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔