اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے کی جانے والی جارحانہ کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے غیرذمہ دارانہ اقدامات خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
مملکت کو اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کی حفاظت کے لیے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
