نئی دہلی: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہےکہ ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے پورے خطے کے مسائل کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہے جہاں مصدق ملک آج شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی فورم سے خطاب کریں گے۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ ممالک کے ایک ساتھ مل بیٹھنے سے خطے میں بہتری کی امید ہے اور جو بھی امن سلامتی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا ہم بھی ساتھ دیں گے۔
بھارتی صحافی کے دہشتگردی کے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے، دہشتگردی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان متعدد بار ایسا طریقہ کار تجویز کر چکا ہے، ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے پورے خطے کے مسائل کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
