اسلام آباد (سب نیوز)انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں نرمی کی درخواست پر ابتدائی طور پر لچک دکھانے سے گریز کیا ہے، جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو آئی ایم ایف کے موقف پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت کی کہ ادارے سے دوبارہ مذاکرات کرکے عوامی بوجھ کم کرنے کے لیے موثر دلائل پیش کیے جائیں۔وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل بوجھ عوام پر ڈالنا ممکن نہیں کیونکہ اس سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے معاشی ٹیم کو ہدایت دی کہ ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام آپشنز استعمال کیے جائیں۔
حکام کے مطابق حکومت پہلے ہی قریبا 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر ایندھن کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر چکی ہے، جبکہ پیٹرول پر 100 روپے اور ڈیزل پر 55 روپے فی لیٹر لیوی بھی آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے۔
آئی ایم ایف کا پیٹرولیم لیوی میں نرمی سے انکار، حکومت کا عوامی ریلیف کے لیے دوبارہ مذاکرات کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
