اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے براہِ راست کاروباری روابط مضبوط بنانے اور اسلام آباد میں ہانگ کانگ اکنامک اینڈ ٹریڈ آفس قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ہانگ کانگ اکنامک اینڈ ٹریڈ آفس، کوالالمپور کے ڈائریکٹر فنگ ہو ین اوون کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور وسیع کاروباری امکانات کے باعث ہانگ کانگ کے سرمایہ کاروں کے لیے علاقائی منڈیوں تک رسائی کا موثر گیٹ وے ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہانگ کانگ ٹریڈ آفس کا قیام ادارہ جاتی تعاون، سرمایہ کاروں کی سہولت اور دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں جانب کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط، بزنس ٹو بزنس اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مشترکہ معاشی امکانات کو عملی کاروباری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنگ ہو ین اوون نے کہا کہ پاکستان کا ان کا یہ پہلا دورہ ہے جو کاروباری امکانات کے حوالے سے انتہائی متاثر کن اور حوصلہ افزا رہا۔ انہوں نے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی روابط دونوں جانب کے لوگوں کو قریب لانے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسلام آباد عاصم نواز تیوانہ نے وفد کو پاکستان کی برآمدات کے فروغ، بین الاقوامی تجارتی روابط اور غیر ملکی کاروباری اداروں کو پاکستانی مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لیے ٹی ڈی اے پی کے اقدامات اور سہولت کاری کے نظام سے آگاہ کیا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، ایگزیکٹو ممبران کامران کاکھیل اور چوہدری مظہر حسین، مس عائمہ حیات، امین الرحمن مروت اور پروٹوکول آفیسر راجہ احسن اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
