اسلام آباد(سب نیوز) ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر)علی رضا قاضی نے کہا ہے کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کا حقیقی محرک ہے اور اس کے مسائل کا حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش پولیس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)میں کاروباری برادری کے ساتھ ایک بھرپور اور تعمیری نشست سے خطاب کر رہے تھے، جس میں چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران، ممتاز تاجروں، صنعت کاروں اور مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نشست میں کاروباری طبقے کو درپیش مسائل اور پولیس و کاروباری برادری کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے فوری حل کے لیے اسلام آباد پولیس اور آئی سی سی آئی کی پولیس کمیٹی کے درمیان قریبی رابطہ اور مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ متبادل تنازعاتی حل کے مراکز میں آئی سی سی آئی کو نمائندگی دی جائے گی تاکہ کاروباری طبقے کی مثر شمولیت سے تنازعات کے حل کے عمل کو مزید سہل اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ انہوں نے جائیداد کے گمشدہ کاغذات سے متعلق رپورٹس کے اندراج کے حوالے سے کہا کہ شکایت کنندگان کی سہولت کے لیے باقاعدہ معیاری طریقہ کار وضع کیا جائے گا، جبکہ کاروباری برادری سے متعلق پولیس شکایات کو ترجیحی طور پر تھانہ کی سطح پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ غیر ضروری دفتری کارروائیوں اور تاخیر سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی ترقی کے لیے محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ چیمبر اور اسلام آباد پولیس کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف تاجروں کے روزمرہ مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ عوامی اعتماد میں اضافے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کی راہ بھی ہموار کریں گے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے سہولت پر مبنی اور فوری ردعمل دینے والا پولیس نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں اداروں کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور مشاورت کو مسائل کی نشاندہی اور ان کے مثر حل کے لیے اہم قرار دیا۔ نشست کی نظامت آئی سی سی آئی پولیس کمیٹی کے چیئرمین سیف الرحمن خان نے کی، جبکہ کمیٹی کے وائس چیئرمین زوہیب احمد ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔نشست کے اختتام پر آئی سی سی آئی پولیس کمیٹی کے اراکین میں متعلقہ اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
کاروباری برادری کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد پولیس پرعزم ہے، ایس ایس پی آپریشنزعلی رضا قاضی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
