اسلا آباد (سب نیوز)سعودی عرب کی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی نے پاکستان میں گیس پائپ لائنز سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (آئی ایس جی ایس)اور سعودی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی کے درمیان یہ معاہدہ گزشتہ روز اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے تحت طے پایا۔ مجوزہ منصوبے پر 25 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
پی آئی ڈی کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان میں چمن کے قریب داخل ہونے والی گیس پائپ لائن کو بعد ازاں بلوچستان سے گزارتے ہوئے گوادر تک پہنچایا جائے گا۔منصوبے کے تحت گوادر میں ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کیا جائے گا جبکہ بعد میں پائپ لائن کو ملک کے دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کی فراہمی کے ذرائع میں اضافہ، توانائی کا تحفظ بہتر بنانا اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیلٹا انرجی اور آئی ایس جی ایس کے معاہدے میں پاکستان کی مغربی سرحد سے ملک میں داخل ہونے والی گیس پائپ لائن کو گوادر تک پہنچانے کے ساتھ اسے مشرقی سرحد تک توسیع دینے کا امکان بھی شامل ہے۔مجوزہ پروگرام میں ایل این جی کی تنصیبات، گیس کی پروسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے علاوہ گیس برآمد کرنے کے لیے ٹرمینلز کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔رائٹرز کے مطابق منصوبے میں پاکستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن سے ایک الگ گیس پائپ لائن بچھانے کی تجویز بھی شامل ہے جو پاکستان سے گزرتے ہوئے بھارت کی سرحد کے قریب فاضلکا تک پہنچے گی۔
ڈیلٹا انرجی نے اس راستے کو اپنی حکمت عملی کا بنیادی عزم قرار دیا ہے تاہم اس پر عمل درآمد کے لیے پاکستان اور بھارت کے متعلقہ حکام کے ساتھ باضابطہ رابطوں اور معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔رائٹرز کے مطابق ڈیلٹا انرجی سعودی نے افغانستان کے کشک گیس کنسیشن اور وہاں موجود گیس کے دیگر وسائل کو پاکستان کے لیے گیس کی ممکنہ فراہمی کے ذرائع میں شامل کیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مجوزہ منصوبہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی)گیس پائپ لائن منصوبے سے الگ ہوگا اور اس کے لیے ترکمانستان سے گیس کی فراہمی پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔رائٹرز کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدہ مجوزہ منصوبوں کی جانچ پڑتال اور ان کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں یہ معاہدہ سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے یا منصوبوں کی تعمیر اور مالی معاونت کی ضمانت نہیں ہے۔
سعودی کمپنی نے پاکستان میں 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
