اسلام آباد (سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا کی ملاقات ،ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت اور افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پاکستان کی لک افریقہ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کا فروغ اہم ترجیح ہے،پاکستان کی انگیج افریقہ پالیسی افریقی ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کے فروغ کی عکاس ہے ۔
دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور اعلی سطحی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اسپیکر قومی اسمبلی سے اظہارِ تشکرکیا ۔ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
