ہومپاکستاننوجوانوں کے بااختیار بنانے کے لیے 292 ارب روپے کے قرضے، یوتھ ایمپلائمنٹ، اے آئی اور سیمی کنڈکٹر پالیسیوں کے اجرا کے بعد جلد پہلی نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ اور ای اسپورٹس پالیسی بھی لائیں گے؛رانا مشہود احمد خان

نوجوانوں کے بااختیار بنانے کے لیے 292 ارب روپے کے قرضے، یوتھ ایمپلائمنٹ، اے آئی اور سیمی کنڈکٹر پالیسیوں کے اجرا کے بعد جلد پہلی نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ اور ای اسپورٹس پالیسی بھی لائیں گے؛رانا مشہود احمد خان

ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 10 لاکھ نوجوان رجسٹر، آئندہ اولمپکس کے لیے 10 ارشد ندیم تیار کریں گے، حکومتی سبسڈیز نے عوام کو عالمی پیٹرولیم بحران سے محفوظ رکھا: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا نیشنل یوتھ سمٹ کا خطاب

اسلام آباد:

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو معاشی اور تکنیکی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی، اے آئی پالیسی اور چپ و سیمی کنڈکٹر پالیسی کے اجرا کے بعد اب جلد ہی ملک کی پہلی نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی اور ای اسپورٹس پالیسی بھی لانچ کرنے جا رہی ہے،292 ارب روپے کے تاریخی یوتھ لون پروگرام کے تحت ڈھائی کروڑ روپے تک کے آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 10 لاکھ نوجوان اور 2,400 کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں۔

وہ بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام،یواین ایف پی اے اور ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ سمٹ 2026 سے خطاب کررہے تھے ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت کابینہ نے پہلی ‘نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی’ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سالانہ لیبر فورس میں خواتین کے لیے کم از کم 35 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے اور ہر سال نوجوانوں کی 10 فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال کو ‘ایئر آف اسکلز’ منایا جائے گا اور چین کی طرز پر یونیورسٹی طلبہ کے لیے فنی مہارت حاصل کرنا لازمی بنایا جائے گا۔

رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ پاکستان کی پہلی ‘اے آئی پالیسی’ گوگل، علی بابا اور این ویڈیا جیسے عالمی اداروں کے تعاون سے لانچ کر دی گئی ہے، جبکہ جدید جنگی و تکنیکی تقاضوں میں خود کفالت کے لیے پہلی ‘چپ اور سیمی کنڈکٹر پالیسی’ بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جلد ہی تین عمر کے گروپس (10 تا 15، 15 تا 19 اور 19 تا 29 سال) پر مشتمل ‘نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی’ اور ملٹی ٹریلین ڈالر گیمنگ انڈسٹری سے فائدہ اٹھانے کے لیے ملک کی پہلی ‘ای اسپورٹس پالیسی’ بھی لانچ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم، دانش اسکولز اور ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا دائرہ پنجاب سے بڑھا کر پورے پاکستان کے مستحق طلبہ تک خالصتاً میرٹ پر پھیلا دیا گیا ہے۔ کھیلوں کے فروغ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم بھی یوتھ فیسٹیول سے سامنے آئے تھے، رواں سال فٹ بال، ہاکی اور ٹریک اینڈ فیلڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے ذریعے آئندہ اولمپکس کے لیے کم از کم 10 نئے ارشد ندیم تیار کیے جائیں گے۔

عالمی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کے باعث دنیا بھر میں پیٹرول مہنگا ہوا اور بھارت میں ناقص پالیسی کے باعث پیٹرول کی قطاروں میں 70 افراد ہلاک ہوئے، تاہم حکومتِ پاکستان نے بروقت سبسڈیز دے کر عوام کو عالمی بحران کے اثرات سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ‘معرکہ حق اور بنیان مرصوص’ میں کامیابی کے بعد عالمی برادری پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور ای سی او سمٹ میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی شرکت اس کا واضح ثبوت ہے۔

یو این ایف پی اے (UNFPA) کے کنٹری نمائندہ ڈاکٹر لوئش اوبانی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کے اس دور میں پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، جہاں نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے حل اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر توجہ دینی چاہیے۔ پالیسی سازوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری اور صنفی مساوات کے بغیر ملک کی تقدیر نہیں بدلی جا سکتی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فیصلہ سازوں کا محاسبہ کریں اور آگے بڑھ کر ملکی قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایس ڈی پی آئی شفقت کاکاخیل نے ‘نیشنل یوتھ سمٹ 2026’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ان کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ سمٹ کا بنیادی مقصد تعلیم، روزگار، ذہنی صحت اور گڈ گورننس پر نوجوانوں کی تجاویز کو ‘یوتھ ڈیمانڈ چارٹر’ کی شکل دے کر براہِ راست حکومتی قیادت تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے سب سے طویل اثرات نوجوان نسل کو بھگتنا ہوں گے، لہٰذا ہر فورم پر ماحولیاتی چیلنجز کو اولین ترجیح دینا ناگزیر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔