ہومپاکستاناسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات، پارلیمانی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات، پارلیمانی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر محترمہ فاتو ہریریمانا نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان پارلیمانی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ افریقی ممالک بالخصوص روانڈا کے ساتھ پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا میں قیام امن کے لیے پاکستانی فوجی جوانوں کی قربانیاں پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، صنعت سازی اور تعمیرات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان آلاتِ جراحی کی برآمدات سمیت باہمی تجارت کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی پارلیمانی شمولیت کو مؤثر بنانے کے لیے پاکستان اور روانڈا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائم اسپیشل کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمینگ اور ویمنز پارلیمنٹری کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی پارلیمانی نمائندگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ روانڈا کے نیشنل یونٹی اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ پارلیمانی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

روانڈا کی ہائی کمشنر محترمہ فاتو ہریریمانا نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔