کراچی(سب نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے کہا ہے کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں، اگر پورے ملک میں صوبے بننے ہیں تو پھر کراچی اور شہری سندھ میں ہی کیوں خورنزیری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے سخت ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اعترافِ جرم کرنے پر بلاول زرداری کے مشکور ہیں۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ بلاول بتائیں کہ پورے ملک میں صوبے بنے ہیں تو خون ریزی صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں ہی کیوں ہوگی؟ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا ہے، اس پر گفتگو کرنے پر آگ بگولا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ترجمان نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی اکثریت سندھ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، بلاول زرداری بھی سندھ کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کریں۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہمیں آپ کی بے چینی کا اندازہ ہے لیکن ہم سندھ کے شہری علاقوں کو مزید لوٹ کا مال نہیں بننے دیں گے۔ ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ بلاول زرداری قوم کو آگاہ کریں کہ 27 آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے اس کی حمایت میں ووٹ کیوں دے رہے تھے؟ بلاول نے ایم کیو ایم کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کرپشن کو ملک کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے سوال کیا کہ کیا بلاول زرداری قوم کو گزشتہ 18 سال سے سندھ پر قابض حکمرانوں کی غضب کرپشن سے آگاہ کریں گے؟ ترجمان نے کہا کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں۔
بلاول ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں، صوبے پورے ملک میں بن رہے ہیں تو خونریزی کراچی میں کیوں ہوگی؟ ایم کیو ایم کا ردعمل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
