ہوماسلام آبادسی ڈی اے نے آئی سی سی آئی کا مطالبہ تسلیم کر لیا، بلیو ایریا سروس روڈ کھولنے کا فیصلہ

سی ڈی اے نے آئی سی سی آئی کا مطالبہ تسلیم کر لیا، بلیو ایریا سروس روڈ کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے کاروباری برادری کے مطالبے پر بلیو ایریا سروس روڈ ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کر لیا ہے، جس سے سڑک کی بندش کے باعث مشکلات کا شکار تاجروں اور کاروباری اداروں کو اہم ریلیف ملے گا۔یہ فیصلہ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا کی قیادت میں وفد کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ بھی موجود تھے۔
ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کے صدور نے چیئرمین سی ڈی اے کو بلیو ایریا میں سروس روڈ کی بندش کے باعث کاروباری برادری کو درپیش شدید مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور تاجروں، صارفین اور آنے جانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے بھی اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر کی معاونت کی۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے چیئرمین سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ خود متاثرہ علاقے کا دورہ کریں تاکہ صورتحال کی سنگینی اور کاروباری برادری کو درپیش عملی مشکلات کا براہ راست جائزہ لے سکیں۔
وفد کے تحفظات سننے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے نے فوری طور پر متعلقہ ڈائریکٹر کو سروس روڈ ایک ماہ کے لیے کھولنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بعد ازاں متاثرہ کاروباری برادری اور آئی سی سی آئی کی قیادت کی مشاورت سے اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے گا۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوت، جنرل سیکرٹری سید عمران بخاری اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر ابرار الحق نے بالخصوص بینکوں، ہسپتالوں اور الیکٹرانکس کے کاروبار سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سروس روڈ کی بندش سے ان کے روزمرہ کاروباری امور اور صارفین کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اسلام آباد انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر اومیص خٹک نے چیئرمین سی ڈی اے کی توجہ صنعتی علاقے کے خستہ حال انفراسٹرکچر کی جانب مبذول کراتے ہوئے اس کی فوری بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین نے ان کے تحفظات کو سنا اور مناسب توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔اسی طرح آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اسرار الحق مشوانی نے صنعتی علاقوں میں لیز کی توسیع کا معاملہ اٹھایا، جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ لیز میں توسیع مقررہ طریقہ کار (ایس او پیز)کے مطابق کی جائے گی۔وفد میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران رانا استخار علی خان، عبد الحمید اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندے بھی شامل تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔