خان یونس: اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں نصر ہسپتال کی عمارت پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔
امریکا کی ثالثی میں حماس کے ساتھ اکتوبر 2025 میں طے پائے گئے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، معاہدے کے اگلے مراحل کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا جیسے معاملات حل طلب ہیں، اسرائیل اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے۔
اسرائیلی حملے سے متعلق غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ آج صبح ناصر ہسپتال کے شعبہ سرجری پر حملہ کیا گیا جس سے عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، طبی عملے نے شہید ہونے والے سرجن کی شناخت رزق ابو شعیرہ کے نام سے کی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر حملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی تھی تاہم فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملے تاحال مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس دوبارہ اپنی عسکری قوت بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال قبل طے پائے گئے جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے البتہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر عمل پیرا ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ پر شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
