اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ان کی اہلیہ اور وکلاء کی ملاقاتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اقدام کے پس منظر اور ممکنہ وجوہات پر دلچسپ تجزیہ پیش کیا ہے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کے وکلا، سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر، کے درمیان کرائی جانے والی ملاقات کی بات کر رہے تھے۔ لطیف کھوسہ کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہی جس میں بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
فیس بک پر کی گئی ایک پوسٹ میں خواجہ سعد رفیق نے ان ملاقاتوں کے ممکنہ سیاسی محرکات پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی حتمی خبر نہیں، تاہم ان کے اندازے کے مطابق جیل میں ہونے والی ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28 ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہوا ہے۔
اس بات کی تصدیق گزشتہ روز عمران خان سے ملنے کے بعد لطیف کھوسہ نے بھی کی تھی۔ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں عمران خان سے 28 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔
یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران دیے گئے حکم پر ہوئی۔ وکلا نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں اپنے مؤکلوں تک رسائی نہیں دی جا رہی اور اپیلوں پر مؤثر تیاری کے لیے ملاقات ضروری ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اپنے تجزیے میں لکھا کہ ”ہو سکتا ھے کہ سندھ کی تقسیم پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نہ ماننے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کے لیے یہ تجویز جناب عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو، اگر وہ تعاون کریں تو انکی حمایت کے بدلے اسٹیبلسمنٹ پی ٹی آئی کے لیے آسانیاں مہیا کر سکتی ہے ۔“
انہوں نے مزید امکان ظاہر کیا کہ ”یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوا نہ بولنے کی گارنٹی کے بدلے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گئی ہو۔“
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا اکٹھے ہونا نہایت ضروری امر ہے اور اس کے لیے بھرپور کوشش کی جانی چاہیے۔
